اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین نے وزیراعظم عمران خان کی کال پر اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میںانسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں، کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور مودی سرکار کی جانب سے کشمیر میں سنگین جنگی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہل کشمیر کی صبر و استقامت، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جمعہ کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے اپنے مشترکہ بیان میں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی وفاقی حکومت کی کاوشوں کو موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کشمیر کے حوالے سے روایتی طرز عمل ترک کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں اہل کشمیر کو حق خودارادیت کی فراہمی اور مقبوضہ کشمیر میں متعصب بھارت سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روکنے کیلئے آگے بڑھیں۔ اپنے مشترکہ بیان میں تحریک انصاف کے قائدین نے کہا کہ پانچ اگست کے اقدام کے نتیجے میں بھارت نے جنوبی ایشیاءمیں ایک غیر معمولی تصادم کی بنیاد رکھی ہے جس سے نہ صرف علاقائی امن خطرے میں ہے بلکہ اس سے جنم لینے والے خطرات کے پوری دنیا میں پھیلاﺅ کا اندیشہ ہے۔