اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے اہلِ کشمیر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال قبل آج ہی کے روز ظالم بھارتی سرکار نے اہل کشمیر کو غلامی کی دائمی زنجیروں میں جکڑنے کیلئے ''آئینی دہشت گردی'' کا سہارا لیا، بھارتی سفاکیت کے بعد اہلِ پاکستان نے اک نئے …
پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی کا اہلِ کشمیر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے اہلِ کشمیر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال قبل آج ہی کے روز ظالم بھارتی سرکار نے اہل کشمیر کو غلامی کی دائمی زنجیروں میں جکڑنے کیلئے ”آئینی دہشت گردی” کا سہارا لیا، بھارتی سفاکیت کے بعد اہلِ پاکستان نے اک نئے عزم کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں کو یکجہتی و حمایت کا پیغام دیا۔ بدھ کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کے ساتھ ظالم مودی سرکار نے اہل کشمیر پر سفاک فوجی پہرے بھی بٹھا دیئے، خوراک و ادویات سمیت بنیادی اشیاء ضروریہ کی ترسیل روک کر پہلے ہی سے ظلم و ستم کے شکار کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کی کوشش کی گئی، ہمیشہ کی طرح اہلِ کشمیر اب بھی عزم و ہمت اور ثابت قدمی کا کوہِ گراں بن کر ظالم مودی سرکار کو شرمسار کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سفاکیت کے بعد اہلِ پاکستان نے اک نئے عزم کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں کو یکجہتی و حمایت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اہلِ کشمیر کے سفیر جبکہ پاکستان دنیا میں کشمیریوں کا ترجمان بنا، اقوامِ متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب نے کشمیر سے متعلق عالمی جمود میں نمایاں ارتعاش پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سکوت توڑ کر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز ہتھکنڈوں کو بے نقاب کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر گزرتے دن کے ساتھ بھارت دنیا میں تنہا ہو رہا ہے اور اقوامِ عالم کی ہمدردیاں اہل کشمیر کے حصے میں آ رہی ہیں، شکست خوردہ اور مایوس بھارت کشمیر میں اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے جنوبی ایشیاء کے امن کو داؤ پر لگانے پر آمادہ ہے، بین الاقوامی برادری کی جانب سے مزید بے عملی عاقبت نااندیش مودی سرکار کو کسی حماقت کا مرتکب بنائے گی، اقوام متحدہ اہل کشمیر سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات اٹھائے۔ سیف اﷲ خان نیازی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، اہل کشمیر کو حقِ خودارادیت کا بنیادی حق دلوانے کیلئے بھارت کو ہٹ دھرمی ترک کرنے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرنے پر آمادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آزادی کیلئے اہلِ کشمیر کی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستان تحریک انصاف قوم کے ساتھ مل کر کشمیری بھائیوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔








