پاکستان ترکیہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں پرعزم ہے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی ترک وزیر تجارت کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو

149
Finance Minister Senator Muhammad Aurangzeb
Finance Minister Senator Muhammad Aurangzeb

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی،ثقافتی اور برادارانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان ترکیہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں ترکیہ کے وزیر تجارت پر وفیسر ڈاکٹر عمر بولات کی قیادت میں ترکیہ کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے ترکیہ کے وزیر اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں برادرممالک کے درمیان دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی ترقی کے مزید امکانات موجود ہیں۔

ترکیہ کے وزیر تجارت نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر توجہ دینے کے حوالہ سے مشترکہ عزم کا حوالہ دیا اور کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کی استعداد موجود ہے۔ انہوں نے خدمات، صحت، تعلیم، طب اور فیشن سمیت ممکنہ سرمایہ کاری کے لیے کلیدی شعبوں کی نشاندہی بھی کی ۔ ترکیہ کے وزیر تجارت نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے ترکیہ کی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان فضائی رابطوں کو بڑھانے کی سفارش کی تاکہ معاشی تبادلوں میں اضافہ کو ممکن بنایا جاسکے ۔

وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال مستحکم ہورہی ہے کرنسی میں استحکام آگیاہے، زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں افراط زر کی شرح میں بھی نمایاں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے ترکیہ کے وزیر بولات کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ سٹاف لیول کے حالیہ معاہدے سے بھی آگاہ کیا جس کا مقصد طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے ٹیکسیشن، توانائی اور سرکاری اداروں میں جاری اصلاحات کے حوالہ سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے بھی ترکیہ کے وزیر کوآگاہ کیا ۔ وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری کے عمل کو ہموار کرنے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کو نسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی ۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارتی حجم کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سینیٹرمحمد اورنگزیب نے ترکیہ کے وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت سرمایہ کاروں کی مدد کرنے کے لیے ضابطہ جاتی عمل کو ہموارکررہی ہے تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی ہو ۔

ترکیہ کے وزیر تجارت نے تعاون اور تعمیری بات چیت پر وزیر خزانہ کاشکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ سے میزان بینک کے وفد نے ملاقات کی، وفدکی قیادت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ریاض ایس اے اے ادریس کر رہے تھے۔ وفد میں صدر اور سی ای او عرفان صدیقی، ڈپٹی سی ای او سید امیر علی بھی شامل تھے۔ ملاقات میں بینک آف پاکستان کے گورنر اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین نے بینک کی مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے بینک کی حیثیت پر روشنی ڈالی جس کی پاکستان بھر میں 1000 شاخوں میں 17000 سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے منافع اور ترسیلات زر میں اضافہ کی سہولیات کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ ان اقدامات سے ملک کے درست اقتصادی سمت میں آگے بڑھنے کی عکاسی ہورہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان میں کلی معیشت کے تمام اشاریے درست اور مثبت انداز میں نمو پذیرہیں، ملک کے معاشی انتظام پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے سرکاری ملکیتی اداروں،ایف بی آر توانائی کے شعبے اور نجکاری کے حوالہ سے اصلاحات کے لیے حکومت کی جاری کو ششوں سے بھی وفد کو آگاہ کیا ۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور باہمی اہداف کے حصول کے لیے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔