پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، ترجمان دفتر خارجہ

95
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ گزشتہ ہفتے چار کشمیریوں کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے مغل میدان کے علاقے چاس میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ پچھلی کئی دہائیوں میں پھیلی اسی طرح کی زیادتیوں کے سلسلے میں تازہ ترین واقعہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اس پریشان کن واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حراست میں ہونے والے تشدد کے ذمہ داروں کا احتساب کیاجائے۔