پاکستان تیل کی صنعت کے حوالہ سے سعودی عرب کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں،فہد الباش

84

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) تیل کی عالمی صنعت میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، پاکستان تیل کی صنعت کے حوالہ سے سعودی عرب کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سعودی عرب کے تجارتی وفد کے سربراہ فہد الباش نے پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی تجارتی وفد میں ممتاز کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے تجارتی وفد میں زراعت، سیاحت اور دیگر مختلف شعبوں کی اہم شخصیات پاکستان آئی ہیں جس سے ان شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی عالمی صنعت میں سعودی عرب کا کلیدی اور اہم کردار ہے اور پاکستان میں تیل صاف کرنے اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے قیام سے پاکستان کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیل کے شعبہ میں سعودی تجربہ اور مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سعودی عرب کا نجی شعبہ اس سے استفادہ کا خواہشمند ہے۔