مکہ مکرمہ ۔26جون (اے پی پی):پاکستان حج مشن مکہ نے اپنے عازمین سے قربانی کی رقم جمع کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیدی ہے۔ جس کے مطابق ہر رہائشی سیکٹر میں ایک معاون مقرر کیا جارہا ہے جو اب تک قربانی کی رقم بوجوہ جمع نہ کرانے والے پاکستانی عازمین سے رقم جمع کرے گا ۔
اتوار کو ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے اے پی پی اور ریڈیو پاکستان کو بتایا کہ سرکاری اسکیم کے کئی حاجی بوجوہ ابھی تک قربانی کی رقم جمع نہیں کراسکے ان کی سہولت کیلئے پاکستان حج مشن مکہ نے ایک طریقہ کار طے کیاہے جس کے تحت مکہ مکرمہ کے چاروں سیکٹرز میں عازمین حج سے قربانی کی رقم جمع کرنے کیلئے ایک معاون مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جوحجاج کرام سے قربانی کی رقم جمع کرکے اسلامی ترقیاتی بینک کی ویب سائٹ پر ڈیٹا ڈالے گا ۔
ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر حج نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت بینک نے اپنا ڈیٹا سسٹم حج مشن کے ساتھ شیئر کیا ہے جس میں پہلے سے رقم جمع کرانے والے حجاج سمیت نئےرقم جمع کرانے حاجیوں کا ڈیٹا بھی ڈالا جائے گا جو بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قربانی کے حوالے سے مزید معاملات طے کرنے کیلئے پاکستان حج مشن اور اسلامی ترقیاتی بینک کا ایک اجلاس طے ہے جس میں ہم پاکستان حجاج کیلئے پہلے ہی دن قربانی کی بات کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حاجی کو اس کی قربانی کے وقت کے حوالے سے قبل از وقت اطلاع دینے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔