اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان حق خود ارادایت کی منصفانہ جدوجہد میں پورے عزم و اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے، وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کانوٹس لے۔
ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنی سیریز آف ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر میں غیر جانب دارانہ استصواب رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے۔
اقوا م عالم پر لازمی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار اور ہندوستانی ریاست کے ظالمانہ عسکری قبضے سے آزادی اور نجات کی ان کی ناقابل اعتراض و انکار خواہش کو نظر انداز نہ کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ،جن میں نسل کشی سمیت انسانیت کے خلاف جرا ئم اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت جنگی جرائم شامل ہیں اور جنیوا کنونشن کی سریح خلاف ورزی ہیں، کا نوٹس لے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان پورے عزم و اتحاد کے ساتھ اپنےکشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑاہے ۔ مودی کی جبر و تشدد پر مبنی فسطائی پالیسیاں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اہل کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں