پاکستان حق خود ارادیت ملنے تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا وزارت خارجہ میں آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت، مل نہیں جاتا، پاکستان کی پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں، سیاسی اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملہ پر یکساں مؤقف کی حامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کشمیر کی صورتحال …

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت، مل نہیں جاتا، پاکستان کی پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں، سیاسی اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملہ پر یکساں مؤقف کی حامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کشمیر کی صورتحال پر وزارت خارجہ میں آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خارجہ نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھارت کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطہ میں امن و امان کی صورتحال کے حوالہ سے مفصل بریفنگ دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام کشمیری گذشتہ سال 5 اگست کو بھارت کی جانب سے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے غیر آئینی اور یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہر بین الاقوامی فورم پر بے نقاب کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت سرکار کی ہندوتوا پالیسی نہ صرف کشمیریوں بلکہ پورے خطے کے امن و امان کیلئے خطرات کا باعث ہے۔ بھارت، مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کرکے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں۔ آر ایس ایس کی سوچ پر گامزن بی جے پی کی سرکار نے اپنی ہندوتوا سوچ کے سبب نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت کے اندر بسنے والی اقلیتوں کے دلوں میں نفرت کے بیج بوئے۔ بھارت جبر و استبداد اور قید و بند کی اذیتوں کے باوجود نہتے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پوری دنیا کے سامنے بھارت سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، آج دنیا بھارت کی منافرت پسند پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔پاکستان کی پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں، سیاسی اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملے پر یکساں مؤقف کی حامل ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت، مل نہیں جاتا۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سینیٹر مشاہد حسین سیّد، فرخ حبیب، سینیٹر راجہ ظفر الحق، راجہ پرویز اشرف، سیّد نوید قمر، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر مشتاق احمد، مولانا عبدالاکبر چترالی، ایمل ولی خان، سینیٹر ستارہ ایاز، سینیٹر انوار الحق کاکڑ، سینیٹر مرتضیٰ جاوید عباسی، خواجہ آصف و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔