27.1 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان خودمختار ملک ہے، قومی سالمیت پر حملے برداشت نہیں کریں گے،...

پاکستان خودمختار ملک ہے، قومی سالمیت پر حملے برداشت نہیں کریں گے، وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے جو اپنی آزادی، وقار یا علاقائی سالمیت کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں بلال اظہر کیانی نے قوم اور اس کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ملک نے ایک بار پھر بیرونی خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے اتحاد، لچک اور طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔حالیہ بھارتی جارحیت پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اسے نازک وقت میں فیصلہ کن قیادت میسر آئی۔انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور ملک کی سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جن کی رہنمائی نے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی بھی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ قوم ان کی قیادت اور خدمات کو فخر سے سلام پیش کرتی ہے۔

بلال اظہر کیانی نے پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر کے عزم اور بہادری نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے شاندار پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی جنگ میں بھی واضح برتری کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ "الحمدللہ، پاکستان فتح یاب ہو کر ابھرا ہے – یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل اور ہمارے عوام کے اتحاد سے ممکن ہوئی، جو ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ ملکی قیادت، شہریوں اور میڈیا نے قومی مفادات کے دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نفسیاتی جنگ میں بھی روز اول سے فاتح رہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے سچائی کے ساتھ کھڑا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595651

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں