اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان مضبوط بین الاقوامی تعلقات استوار کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے، چین پاکستان کا مخلص اتحادی ہے، جس کا تعلق سمندروں کی طرح گہرا اور لازوال ہے اور یہ آنے والے سالوں میں مزید وسیع ہو جائے گا۔
اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی کی جڑیں باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پورے اترے ہیں اور مشترکہ مفادات، اقتصادی تعاون اور مضبوط سفارتی تعلقات پر قائم ہیں۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ دوستی نہ صرف حکومتی سطح پر اہمیت کی حامل ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اتحاد اور تعاون کے احساس کو فروغ دیتی ہے۔قیصر احمد شیخ نے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مدعو کرنے پر امریکا کی بھی تعریف کی اور اسے ایک اہم سفارتی اشارہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اس دورے کی بنیادی توجہ خطے میں امن کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے ۔انہوں نے تنازعہ کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں ہمارا کردار انتہائی اہم ہو گیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مختلف ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے، سفارتی تعلقات اور تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے خطے میں امن کے لیے ایران اور اسرائیل کے مذاکرات کی میز پر آنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور طویل مدتی استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔