پاکستان دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی سب سے بڑی آبادی کی میزبانی کررہا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

136
صدر مملکت

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی سب سے بڑی آبادی کی میزبانی کررہا ہے، افغان پناہ گزینوں کیلئے عالمی امداد میں مسلسل کمی کے باوجود پاکستان انہیں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کررہا ہے، پاکستان دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ عالمی دن پناہ گزینوں کے مسائل سمجھنے اور ان کی حالت زار سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، 1979 سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں نے پاکستان آنا شروع کیا ، افغانستان کے اندرونی حالات کی وجہ سے پچھلی چار دہائیوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کووڈ پروگرام کے تحت 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں اور 8.5 لاکھ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو ٹیسٹنگ اور ویکسین کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہے، اس لیے مہاجرین کے لیے پاکستان کے عزم پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔

صدر نے کہا کہ عالمی برادری نے اس بین الاقوامی مقصد کے لیے پاکستان کے تعاون کا اعتراف کیا ہے، پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان کے عزم کے متعلق کوئی شکوک و شہبات نہیں ہونے چاہیے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری نے بھی اس سلسلے میں پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا ہے، پناہ گزینوں کا تعلق معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور طبقات سے ہے، ان کے مسائل کا حتمی حل ان کے آبائی ممالک میں امن و استحکام کا قیام ہے تاکہ وہ عزت اور وقار کے ساتھ اپنے وطن واپس جا سکیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔