چیئرمین پیمرا کی زیر صدارت اجلاس ، سیٹلائٹ ٹی وی چینل لائسنس کے اجراء سمیت لائسنسوں کے اجراء اور تجدید کی منظوری دی گئی

Pakistan Electronic Media Regulatory Authority
Pakistan Electronic Media Regulatory Authority

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس کے اجراء سمیت مختلف کمپنیوں کو لینڈنگ رائٹس پرمیشن، موبائل ٹی وی اور آئی پی ٹی وی لائسنسوں کے اجراء اور تجدید کی منظوری دے دی۔

پیر کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا 171 واں اجلاس چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی زیر صدارت پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اتھارٹی نے سرحد یونیورسٹی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کو سپیشلائزڈ سبجیکٹ (نان کمرشل) کی کیٹیگری میں سیٹلائٹ ٹی وی براڈ کاسٹنگ لائسنس کے اجراء کی منظوری دے دی۔

اتھارٹی نے میسرز پاکستان ٹیلی ویژن فائونڈیشن (گارنٹی) لمیٹڈ کی درخواست پر غیر ملکی چینلز نیوز و کرنٹ افیئرز کیٹیگری میں ”سی جی ٹی این نیوز” اور انٹرٹینمنٹ کیٹیگری میں ”سی جی ٹی این ۔ 9 ڈاکومنٹری) کی لینڈنگ رائٹس پرمیشن کی تجدید کی بھی منظوری دے دی۔ اتھارٹی نے میسرز ریڈینس (پرائیویٹ) لمیٹڈ اسلام آباد کے موبائل ٹی وی (ویڈیو اینڈ آڈیو کانٹینٹ پرووژن) سروس لائسنس کی تجدید کی درخواست کو بھی منظور کرلیا۔

اتھارٹی نے میسرز ٹیلی نیکس پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور اور میسرز برین ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ لاہور کو آئی پی ٹی وی زون لاہور (لاہور ٹیلی کام ریجن)، جبکہ میسرز آپٹیکس پرائیویٹ لمیٹڈ کو آئی پی ٹی زون ملتان (ملتان ٹیلی کام ریجن)، گوجرانوالہ (گوجرانوالہ ٹیلی کام ریجن) اور اسلام آباد (اسلام آباد ٹیلی کام ریجن) کیلئے انٹرنیٹ پروٹوکول ٹیلی ویژن (آئی پی ٹی وی) ڈسٹری بیوشن سروس لائسنسز کے اجراء کی بھی منظوری دے دی۔

مزید برآں دوران اجلاس اتھارٹی نے میسرز میڈیا ٹائمز لمیٹڈ لاہور، میسرز مہران ٹیلی وژن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کراچی اور میسرز آئی آر آئی ایس کمیونیکیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور کی مینجمنٹ میں تبدیلی، حصص کی منتقلی اور نئے ڈائریکٹرز/شیئر ہولڈرز کو شامل کرنے کی درخواست بھی منظور کرلی۔

اتھارٹی نے میسرز آئرن لائن پروڈکشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو جاری کردہ غیر ملکی سیٹلائٹ ٹی وی چینلز ”سینماچی کڈز، سینماچی مویز سمائل ٹی وی اور پارٹی ٹی وی” کے لئے لینڈنگ رائٹس پرمیشنز کی منسوخی کی منظوری بھی دی۔ اتھارٹی کے اجلاس میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ، ممبر فیڈرل کیپیٹل سید ابوذر پیرزادہ اور ممبر بلوچستان فرح عظیم شاہ نے شرکت کی۔