کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک نے یورپی یونین کے سکیورٹی ایکشن فار یورپ (سیف) پروگرام کے تحت اپنا پہلا دفاعی معاہدہ حاصل کر لیا ہے۔ شنہوا کے مطابق وزیر اعظم مارک کارنی نے یہ اعلان فرانس میں منعقدہ جی سیون رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔
کینیڈین وزیراعظم کا یورپی یونین کے سیف پروگرام کے تحت پہلے دفاعی معاہدے کا اعلان
پیرس۔16جون (اے پی پی):کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک نے یورپی یونین کے سکیورٹی ایکشن فار یورپ (سیف) پروگرام کے تحت اپنا پہلا دفاعی معاہدہ حاصل کر لیا ہے۔ شنہوا کے مطابق وزیر اعظم مارک کارنی نے یہ اعلان فرانس میں منعقدہ جی سیون رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔
وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مونٹریال میں قائم دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی مارکونی ٹیکنالوجیز کو ایک کروڑ کینیڈین ڈالر سے زائد مالیت کا معاہدہ دیا گیا ہے، جس کے تحت وہ پولینڈ کی سائبر کمانڈ کو کینیڈا میں تیار کردہ اورین ٹیکٹیکل ریڈیوز فراہم کرے گی۔پولینڈ کی کمپنی اینامور انٹرنیشنل کے اشتراک سے جاری اس منصوبے میں تقریباً ایک سو کینیڈین کمپنیاں شریک ہوں گی، جبکہ آلات کی فراہمی رواں سال کے آخر سے 2030 تک جاری رہے گی۔یہ سیف پروگرام کے تحت کسی کینیڈین کمپنی کو دیا جانے والا پہلا معاہدہ ہے۔
رواں سال کے آغاز میں کینیڈا اس اقدام میں شامل ہونے والا پہلا غیر یورپی ملک بنا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سیف پروگرام میں شمولیت کے بعد کینیڈا کی دفاعی کمپنیاں یورپی معاہدوں کے لیے مقابلے کی اہل ہو گئی ہیں، جس سے ملک میں روزگار اور معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔واضح رہے کہ سیف پروگرام کو مئی 2025 میں منظور کیا گیا تھا۔ یہ یورپی یونین کا مالیاتی نظام ہے جس کا مقصد رکن ممالک کو یورپی دفاعی صنعت میں ہنگامی اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے ذریعے اپنی دفاعی تیاریوں کو تیز کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔









