فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواح میں منعقد ہونے والی بڑی بین الاقوامی دفاعی اور سکیورٹی نمائش میں اسرائیل کی ایک درجن کمپنیوں کے سٹال بند کر دیئے گئے۔
فرانس ،عالمی دفاعی نمائش میں اسرائیلی کمپنیوں کے ایک درجن سٹال بند
پیرس۔16جون (اے پی پی):فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواح میں منعقد ہونے والی بڑی بین الاقوامی دفاعی اور سکیورٹی نمائش میں اسرائیل کی ایک درجن کمپنیوں کے سٹال بند کر دیئے گئے۔ اردو نیوز کے مطابق نمائش کے منتظم ادارے کوگس ایونٹس نے بتایا ہے کہ یوروساٹری آرمز اور سکیورٹی ٹریڈ شو میں یہ سٹال فرانسیسی حکام کی طرف سے مقرر کردہ شرکت کی شرائط کی خلاف ورزی کی وجہ سے بند کیے گئے۔بیان میں کہا گیا کہ ادارہ فرانسیسی حکام کے فیصلوں پر عمل درآمد کا پابند تھا اسی لیے 12 سٹالز بند کرنا پڑے۔
کوگس ایونٹس کے سربراہ چارلس بوڈوئن نے کہا کہ فرانس نے 2026 کی نمائش میں اسرائیلی جارحانہ ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی لگا دی ہے اور اسرائیلی کمپنیوں کو صرف بیلسٹک میزائلوں اور فضائی دفاع سے متعلق آلات اور مصنوعات نمائش کے لیے پیش کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یوروساٹری نمائش 15 سے 19 جون تک پیرس کے شمال میں ایک ایگزیبیشن مرکز میں جاری ہے۔ واضح رہے کہ 2024 میں بھی اسی تجارتی شو میں اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کو شرکت سے روک دیا گیا تھا۔









