پاکستان دنیا بھر میں کھجور پیداکرنیوالا پانچواں بڑا ملک بن گیا

فیصل آباد۔3اگست (اے پی پی):پاکستان دنیامیں کھجور پیداکرنے والا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے جہاں سالانہ 5لاکھ ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے جبکہ پاکستان میں کھجور کا کل پیداواری رقبہ تقریباً 82ہزار ہیکٹر ہے۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے شعبہ اثمار کے ترجمان نے بتایا کہ ملک میں سب سے زیادہ کھجور صوبہ سندھ میں پیدا ہوتی ہے جہاں اس کی پیداوار 2لاکھ 52ہزار 300ٹن ہے جبکہ بلوچستان اس سلسلہ میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں1لاکھ 92800کھجور کی پیداہوتی ہے۔ اسی طرح صوبہ پنجاب میں42600ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں کھجور کی پیداوار 8900ٹن ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان میں 150سے زائد اقسام کی کھجور پائی جاتی ہے جبکہ صرف مکران ڈویژن میں 130سے زائد کھجور کی ورائٹیز ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کھجور کی شاندار پیداوار کے باوجود اس کی برآمدات بہت کم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت کھجور مختلف ممالک کی 23مارکیٹوں میں برآمد کی جارہی ہے جن میں بھارت، امریکہ کینیڈا، برطانیہ جرمنی اور نیپال شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستانی کھجور کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہےاگر کھجور کی برآمدات میں اضافہ کر لیا جائے تو اس سے نہ صرف نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھا کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ برآمدات بڑھنے سے ملک میں معاشی استحکام بھی پیداہوگا۔