پاکستان دنیا میں آئی ٹی اور انفارمیشن پاور بن کر ابھرے گا، وفاقی وزیراحسن اقبال کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

185

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اب مستقبل نہیں بلکہ موجودہ حقیقت ہے،پاکستان دنیا میں آئی ٹی اور انفارمیشن پاور بن کر ابھرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2017 میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا قومی سینٹر قائم کیا، 2023 میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی قومی ٹاسک فورس قائم کی، ہم نے وژن 2025 کے تحت جدید ٹیکنالوجیز کے نیشنل سینٹر فار ایکسیلینس بنائے اور ہر سینٹر کو آٹھ دس یونیورسٹیوں کے انجینئرنگ لیب سے منسلک کیا، یہ سینٹرز وقت پر نہ قائم ہوئے ہوتے تو ہم بہت پیچھے رہ جاتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اے آئی ٹاسک فورس ایک ماہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرے، اگست میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی حتمی پالیسی کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں پالیسیوں کا تسلسل برقرار نہ رہنے کی وجہ سے ہمیشہ ترقیاتی پالیسیوں میں رکاوٹ پیش آتی ہے ،ایک سازش کے تحت قوم کی خود اعتمادی کو ختم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو چور اور ڈاکو بنا کے پیش کیا گیا جبکہ پاکستانی قوم کی پہچان اس کی ذہانت اور محنت ہے، سی پیک 2013 میں شروع کیا تو دھرنے بھی شروع ہو گئے، سی پیک کے راستوں میں روڑے اٹکانے کے باوجود ملک میں 25 ارب ڈالر کی انوسٹمنٹ پاکستان میں آئی ۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان معاشی طور پر چلنے لگتا ہے تو ہمارا راستہ روکا جاتا ہے ،اب سی پیک فیز ٹو شروع ہو رہا ہے تو فساد اور انتشار کے کردار پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی ٹریننگ دینے کا وعدہ کیا ہے ،چین کی وزارت تعلیم ہمارے نوجوانوں کی ٹریننگ میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے، دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مختلف پہلوئوں میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بعض ممالک پاکستانی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی میں تعلیم کے ویزے نہیں دے رہے مگر ہم جدید ٹیکنالوجی ہر قیمت پر حاصل کریں گے،اس ٹاسک فورس کی تجاویز کو دیگر صوبوں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے،صحت ، تعلیم، فنانس ، زراعت کے شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے انقلابی نتائج حاصل کئے جائیں گے،جلد ہی ایک نیشنل کانفرنس برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں پاکستان بھر کے ماہرین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ پاکستان کے نوجوان سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹویٹر جیسے کامیاب پلیٹ فارم نہیں بنا سکتے ،ایک سیاسی جماعت نوجوان کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا منفی استعمال سکھا رہی ہے،حال ہی میں خواتین کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کردار کشی کی گئی ،ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے کردار کشی کا نہیں بلکہ قومی ترقی کا استعمال لیں گے،پاکستان دنیا میں آئی ٹی اور انفارمیشن پاور بن کر ابھرے گا۔وزارت تعلیم ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نجی کمپنیوں کو مدعو کیا جارہا ہے تاکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹاسک فورس کی تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔