پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوشحالی اور سلامتی کیلئے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا،صدر مملکت آصف علی زرداری کا چین کے سفارت خانے کا دورہ

President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوشحالی اور سلامتی کیلئے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا،غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے، یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے سفارت خانے کا دورہ کے موقع پر کیا۔چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے سفارت خانےآمد پر صدر آصف علی زرداری کا استقبال کیا۔

صدر مملکت کا بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک-چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات لیے جائیں گے۔چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے ، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر پکڑنے کی ضرورت ہے۔

چینی سفیر کا پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے ، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلئے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔