لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل نے امریکی صدر کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے،اس طرح کے بیانات سے پاکستان امریکہ تعلقات کو مضبوط نہیں بنایا جا سکتا ،
چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دارملک اور اس کا ایٹمی پروگرام دنیا کے دیگر ممالک سے کہیں زیادہ محفوظ ہے ، انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کو اپنا بیان فوری واپس لینا چاہیے ،
حکومت کی طرف سے امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرنے کا فیصلہ درست سمت قدم ہے جس کی پوری قوم تائید و حمایت کرتی ہے،انہوں نے کہاکہ امریکی سفیر کا طلب کیا جانا پاکستان کی آزاد وخود مختار خارجہ ،دفاعی اور استحکام کی پالیسی کا واضح پیغام ہے ۔