پاکستان رواں سال 300 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرے گا، اس کے ذریعہ پاکستان فنڈنگ ذرائع کو وسیع کرنے اور سرمایہ کاری کی نئی مارکیٹوں تک رسائی کی کوشش کررہاہے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا بلوم برگ کوانٹرویو

128
وزیرخزانہ محمداورنگزیب

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان رواں سال 300 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرے گا، پانڈا بانڈز کے ذریعہ 300 ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کے حصول میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔

امریکی مالیاتی ونشریاتی ادارہ بلوم برگ کو انٹرویودیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ چینی کرنسی کے حامل پانڈابانڈز کے ذریعہ پاکستان اپنے فنڈنگ کے ذرائع کو وسیع کرنے کے علاوہ سرمایہ کاری کی نئی مارکیٹوں تک رسائی کی کوشش کررہاہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پانڈا بانڈز کا اجراء پہلے کرنا چاہیَے تھا، چین دنیابھرمیں بانڈز کے حوالہ سے دوسری بڑی اوروسیع منڈی ہے، میرے خیال میں پانڈا بانڈز کااجراء ملکی معیشت کیلئے درست قدم ہوگا،پاکستان اس سے قبل یوروبانڈز فروخت کیلئے پیش کرچکا ہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ابتدائی طورپر250سے 300 ملین ڈالرمالیت تک کے بانڈز فروخت کیلئے پیش ہوں گے جس کے بعد ان بانڈز کامزید اجراء ہوگا۔محمد اورنگزیب نے کہاکہ حسابات جاریہ کے کھاتوں کی صورتحال مضبوط ہے، حکومت مقررہ وقت پرقرضے اداکرے گی، ان ادائیگیوں سے کرنسی پرکوئی دبائو نہیں آئے گا اورمجھے امید ہے کہ روپیہ کی قدرمستحکم رہے گی۔

غیرمتوقع چیز تیل کی قیمت ہے جو بحیرہ احمر میں حملوں کے تناظرمیں بدستورغیریقینی ہے، پاکستانی کرنسی کی قدرمیں اس سال 1.3 فیصدکی نموہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کم سے کم تین سال کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ایک اورپروگرام لے گا، اس ضمن میں مزید بات چیت آئی ایم ایف کے موسم بہارکے اجلاس کے بعد ہو گی۔