اکستان ریلویز نے ملازمین کی سالہا سال سے زیرِ التواء ادائیگیوں کا آغاز کر دیا، اس مقصد کے لئے کلاس فور ملازمین کے آٹھ برس سے واجب الادا ٹریولنگ الاؤنس کی ادائیگی کے لئے سات کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں
پاکستان ریلویز نے ملازمین کی سالہا سال سے زیرِ التواء ادائیگیوں کا آغاز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان ریلویز نے ملازمین کی سالہا سال سے زیرِ التواء ادائیگیوں کا آغاز کر دیا، اس مقصد کے لئے کلاس فور ملازمین کے آٹھ برس سے واجب الادا ٹریولنگ الاؤنس کی ادائیگی کے لئے سات کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وزارت ریلوے کے میڈیا آفس کے مطابق ریلوے کنٹریکٹرز کو بھی 29 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ پاکستان ریلویز نے ملازمین کی تنخواہوں کے چیکس بھی پیشگی طور پر سٹیٹ بینک کو بھجوا دیئے ہیں تاکہ بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات ادارے میں مالی نظم و ضبط اور انتظامی بہتری کی جانب اہم پیشرفت قرار دیئے جا رہے ہیں۔ ادائیگیوں کے آغاز پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے وفاقی وزیرِ ریلوے کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز مالی خود مختاری کی جانب گامزن ہے اور مالی اصلاحات کے ذریعے ادارے کو مستحکم بنانے کے مشن پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت ادائیگیاں اور مالی استحکام ریلوے میں بہتر نظم و نسق کی علامات ہیں جبکہ ان اقدامات سے آپریشنل نظام میں اعتماد کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔








