اسلام آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی) پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کے موقع پر اضافی رش کے پیش نظر 5 سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ منگل کو پاکستان ریلوے کے ترجمان نے بتایاکہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبرکی منظوری کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری کیا گیا۔ شیڈول کے مطابق پہلی سپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 2 جون کو صبح 10.45 بجے پشاور کے لئے روانہ ہوگی۔ دوسری عید سپیشل ٹرین 2 جون کو کوئٹہ سے دن 11.30 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہو گی۔تیسری سپیشل ٹرین 3 جون دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لئے روانہ ہو گی۔ چوتھی سپیشل 8 جون کو راولپنڈی سے صبح 8 بجے کوئٹہ کے لئے روانہ ہو گی۔ انہوں نے بتایاکہ پانچویں سپیشل ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام چھ بجے کراچی کینٹ کے لئے روانہ ہو گی۔عید سپیشل ٹرینوں کی بکنگ 29 مئی سے شروع ہوجائے گی اور ٹکٹ آن لائن اور ریزرویشن دفاتر سے حاصل کیے جا سکیں گے۔