پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقہ شاہ لطیف ٹائون ملیر سے فتنہ الخوارج کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ہفتہ کو ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق گرفتار دہشتگرد کی شناخت جاوید علی خان عرف سواتی کے نام سے ہوئی ہے
پاکستان رینجرز (سندھ) کی کارروائی ،شاہ لطیف ٹائون ملیر سے فتنہ الخوارج کادہشت گرد گرفتار

مزید خبریں
کراچی۔ 20 جون (اے پی پی):پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقہ شاہ لطیف ٹائون ملیر سے فتنہ الخوارج کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ہفتہ کو ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق گرفتار دہشتگرد کی شناخت جاوید علی خان عرف سواتی کے نام سے ہوئی ہے ۔گرفتار دہشتگرد شکردرہ سوات خیبر پختونخوا کا رہائشی ہے اور2007 کے دوران فتنہ الخوارج کے فضل اللہ گروپ میں شامل ہواتھا ۔ دہشتگرد اپنے دیگر ساتھیوں لوکل کمانڈر اقبال حسین عرف ابو تراب، رضا خان، اختر اور دیگر کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول شکردرہ،گورنمنٹ بوائز سکول شکر ڈیری اور پولیس چوکی شکردرہ کو IED لگا کر تباہ کرنے اور تھانہ مٹہ پر حملہ کر کے سرکاری اسلحہ لوٹنے اور تھانے کو آگ لگانے جیسی سنگین کارروائیوں میں ملوث رہا ہے ۔ دہشتگرد فتنہ الخوارج کے ساتھیوں کے ہمراہ مذکورہ علاقے کی بااثر شخصیات کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے اور لوٹ مار جیسی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے، 2008میں آرمی آپریشن کے دوران دہشتگرد مینگورہ میں روپوش رہا اور بعد ازاں بیرون ملک فرار ہو گیا،2022میں دہشتگرد نے بیرون ملک سے واپس آکر دوبارہ دہشتگردی کی کارروائیاں شروع کیں۔7جون 2026 کو دہشتگرد نے فتنہ الخوارج کے ساتھیوں جان شیرخان، سلیم، مظفر اور دیگر کے ہمراہ شکردرہ سوات میں علاقے کے مقامی افراد پر راکٹ لانچر اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین شہری جاں بحق ہوئے جبکہ ایک راہگیر عورت سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے۔علاوہ ازیں کارروائی کے دوران علاقے کے مقامی افراد کی گاڑیوں کوراکٹ لانچر لگنے سے شدید نقصان پہنچا۔ سوات میں کارروائی کے بعد دہشتگرد روپوشی کے لیے کراچی منتقل ہوا اور دہشت گردی کی مزید کارروائیوں کے لئے اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔دہشتگردسی ٹی ڈی سوات کو مطلوب تھا۔ گرفتار دہشتگرد کو مزید قانونی کارروائی کیلئے سی ٹی ڈی سوات کے حوالے کردیا گیاہے۔ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کیلئے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔








