اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں غربت کے خاتمےکا عالمی دن جمعرات 17اکتوبر کو منایا گیا ۔اس دن کو منانے کا مقصد غربت کی زندگی گزارنے والے بچوں اور خاندانوں کی حالت زار ، ان کے حقوق دلانے کی ضرورت کو اجاگر کرنے ، انکی مشکلات کو سمجھتے اور مسائل کے خاتمہ کیلئے دنیا کی توجہ مبذول کرنے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے عام آدمی میں شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔
واضح رہے کہ 1993 سے ہر سال 17 اکتوبر کو دنیا بھرمیں غربت کے خاتمے کا دن منایا جاتا ہےتاکہ ترقی پذیر ممالک سے غربت کے خاتمہ اور غریب طبقات کے معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کے طے کردہ پائیدار ترقیاتی اہداف میں دنیا بھر سے غربت کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق 2030 تک عالمی آبادی کا 7 فیصد حصہ(تقریباً 575 ملین افراند) انتہائی غربت کا شکار رہ سکتے ہیں۔غربت کے خاتمہ کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور فلاحی اداروں کےزیر اہتمام سیمینارز، مذاکروں، مباحثوں اور خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیاگیا ۔