پاکستان سمیت دیگر ترقی پزیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے طویل مدتی امریکی عزم کی ضرورت ہے، مسعود خان

واشنگٹن۔3اکتوبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ترقی پزیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے طویل مدتی امریکی عزم کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے پاکستان اور امریکا کے سفارتی تعلقات کے قیام کے75سال کی خوشی میںپاکستانی امریکی پریس ایسوسی ایشن کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور فلوریڈا اور ملحقہ امریکی ریاستوں میں سمندری طوفان ایان کی وجہ سے ہونے والی حالیہ تباہی واضح طور پر اس بات کی عکاسی ہے کہ کوئی بھی ملک موسمیاتی تبدیلی کے رجحان سے محفوظ نہیں ہے اور اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ہم سب کو جلد متحد ہو کر ماحولیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔

اس تقریب میں پاکستانی اور امریکی صحافیوں،امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداروں ، امریکا میں مقیم پاکستان کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیر مسعود خان پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیا ں قدرتی، اقتصادی ، معاشی اور سماجی نظام کو متاثر کر رہی ہیں۔سیلاب کے باعث ایک کروڑ 60لاکھ بچوں سمیت 3کروڑ 30لاکھ افراد بے گھر اورملک کے رقبے کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا۔انہوں نے سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں میں پیدا ہونے والی بیماریوں کے حوالے سے کہا کہ یہ تباہی کے اندر ایک اور تباہی ہے۔

پاکستانی سفیر نے امریکی حکومت، کانگریس، نجی شعبے، مخیر حضرات اور دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انفرادی طور پر تعاون کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی پر پاکستانی امریکی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تعمیر نو اور بحالی کے بڑے چیلنج کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے امریکاکے طویل المدتی عزم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن میں شراکت دار رہے ہیں۔ ہم نے مل کر جنگیں لڑی ہیں اور اب ہمیں مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے اور اس بحران سے سبق سیکھنے کی ضرورت ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حالات کا مقابلہ کیا جا سکے ۔

سابق پاکستانی سفارت کار اور سکالرسفیر اکبر احمد جو امریکن یونیورسٹی میں ابن خلدون چیئر آف اسلامک سٹڈیز اور ولسن سینٹر کے گلوبل فیلو ہیں،نے پاکستانی اور امریکی معاشرے کو ایک دوسرے کے بارے میں بہتر تفہیم پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر معروف پاکستانی شخصیت خضر خان جنہوں نے اعلی ترین امریکن سول ایوارڈ پریذیڈینشل میڈل آف فریڈم حاصل کیا،نے پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے والی مشترکہ بنیادی اقدار پر بات کی ۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جنوبی اور وسطی ایشیا پریس اینڈ پبلک ڈپلومیسی کی ڈائریکٹر مولی سٹیفن سن نےسیلاب متاثرین کے لیے امداد اور بچاؤ کی سرگرمیوں اور تعلیم ، خواتین کو بااختیار بنانے اور کورونا وائرس کی وبا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے امریکا کی جانب سے کیے گئے تعاون اور پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں کا حوالہ دیا جس میں دونوں ممالک مختلف شعبوں میں اپنی بات چیت کو جاری رکھتے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاک امریکا تعلقات کو مزید گہرا کریں گے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے ممتاز پاکستانی نژاد امریکیوں بشمول خضر خان، معروف پاکستانی فلم سٹار ریما خان اور دیگر میں اپنے شعبوں میں کامیابیوں پر مختلف ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔انہوں نے پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور اراکین کو تقریب کے انعقاد اور کئی دہائیوں پر محیط پاک امریکا دوستی کو اجاگر کرنے پر مبارکباددی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی میڈیا دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کی بہتر تفہیم پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔