پاکستان سنگل ونڈومنصوبہ میں پاکستان کے ساتھ مکمل معاونت کررہے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک

100
پاکستان میں حالیہ سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے، بہت سے لوگ اپنے گھر، روزگار اور کاروبار سے محروم ہوگئے، اے ڈی بی کنٹری ڈائریکٹر

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ پاکستان سنگل ونڈومنصوبہ میں بینک پاکستان کے ساتھ مکمل معاونت کررہاہے، منصوبہ سے تجارتی مسابقت میں اضافہ ہوگا اورتجارتی سامان کی منتقلی میں وقت، لاگت اور پیچیدگیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سنگل ونڈو سسٹم ( پی ایس ڈبلیو) تجارتی سہولت فراہم کرنے والا اقدام ہے جس سے پاکستان کی سرحدوں کے پار سامان کی منتقلی میں وقت، لاگت اور پیچیدگیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ سرحد پار تجارتی ضوابط کی بہتر تعمیل کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا ۔

پاکستان سنگل ونڈو کامنصوبہ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیوٹی او) کے تجارتی سہولت کے معاہدے کے تحت شروع کیا گیاہے جس سے پاکستان کی تجارتی مسابقت میں نمایاں اضافہ ہوگا ۔

ایشیائی ترقیاتی بینک تجارتی اور مسابقتی پروگرام کے تحت پاکستان سنگل ونڈو کے لیے متعلقہ ادارہ جاتی اور قانونی تبدیلیوں میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ بینک نے رسک مینجمنٹ سسٹم کو ڈیزائن اور لاگو کرنے کے لیے تکنیکی مدد بھی فراہم کی جو کارگو کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے کے لیے اہم ہے۔