پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اہتمام گلگت، اسلام آباد اور لاہور سمیت بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر موسم بہار کی شجرکاری مہم 2024 کا آغازکر دیا

152
Pakistan Civil Aviation Authority
Pakistan Civil Aviation Authority

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قدرتی ماحول کے تحفظ اور اسے بہتر بنانے کے لئے گلگت، اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر موسم بہار کی شجرکاری مہم 2024 کا آغاز کیا ہے جس کے تحت دنیا بھر میں ہوا بازی کی سرگرمیوں پر آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف انواع و اقسام کے پودے لگائے جا رہے ہیں۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ درخت نہ صرف ہمارے ارد گرد کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ آب و ہوا کی تبدیلی کا مقابلہ کرنے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

گلگت ایئرپورٹ پر ایئر پورٹ مینیجر گلگت نے افسر کمانڈنگ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اور اسٹیشن منیجر پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ہمراہ شجر کاری مہم کی قیادت کی جس میں چیری، انجیر، خوبانی اور لیموں کے پھلدار پودے لگائے گئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سی اے اے، پی ایچ اے اور نیسلے کے اشتراک سے شجرکاری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نیسلے نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے5 ہزار پودے عطیہ کئے۔ تقریب میں نیسلے فار پاکستان اینڈ افغانستان کے سی ای او، ڈائریکٹر پی ایچ اے اور اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے مینیجر، پی آئی اے کے حکام کے علاوہ ٹرسٹ اسکول لاہور کے طلبا نے بھی شرکت کی اور شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔

اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ نے ایئرپورٹ کے احاطے میں شجرکاری کی ایک جامع مہم کا آغاز کیا ہے جس کا آغاز اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی ہارٹیکلچر نرسری کی جانب سے فراہم کردہ 500 پودوں سے ہوگا۔ ہوائی اڈے کے گردو نواح کے مختلف علاقوں میں مختلف غیر ملکی مقامی اقسام جیسے گاب، فکس، اروکیریا، جاکارنڈا، سلور اوک اور چیڑھ کے درخت لگائے گئے ہیں۔ رواں سیزن میں مختلف مقامات پر کم از کم 1500 درخت لگائے جائیں گے ۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت سے اس اقدام میں توسیع کی ہے، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کے اندر مختلف مقامات پر اضافی 1000 درخت لگائے گئے ہیں۔اس بات کا اعتراف ضروری ہے کہ دنیا بھر میں ہوا بازی کی سرگرمیوں کا آب و ہوا کی تبدیلی پر نمایاں اثر پڑتا ہے اور شجرکاری ان اثرات کو کم کرنے میں ایک اہم ذریعہ ہے۔