پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 3,995 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 72 ہزار کی سطح عبور کر گیا

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 3,994.62 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد ایک لاکھ 72 ہزار 13.48 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 3,994.62 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد ایک لاکھ 72 ہزار 13.48 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری سرگرمیوں کے دوران مجموعی طور پر 568 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 368 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 103 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 97 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ مارکیٹ میں 841.61 ملین حصص کا کاروبار ہوا جن کی مجموعی مالیت 35.49 ارب روپے رہی، کے ایس ای 30 انڈیکس 1,206.74 پوائنٹس کے اضافے سے 50,618.51 پوائنٹس جبکہ اسلامی مالیات کا حامل کے ایم آئی 30 انڈیکس 5,817.20 پوائنٹس بڑھ کر 246,398.18 پوائنٹس پر بند ہوا۔

فیوچر ٹریڈنگ کے تحت 13.49 ارب روپے مالیت کے سودے ہوئے،حجم کے لحاظ سے ٹی پی ایل پراپرٹیز لمیٹڈ کے 67.85 ملین، بینک آف پنجاب کے 58.19 ملین اور کے الیکٹرک کے 57.36 ملین حصص کا کاروبار ہوا۔ پرویز احمد کنسلٹنسی سروسز لمیٹڈ، کوہ نور ملز لمیٹڈ اور فرسٹ ان نور مضاربہ سرفہرست ایڈوانسر کمپنیاں رہیں۔

 

مزید خبریں