ایتھوپیا پاکستانی کاروباری برادری کے لیے افریقی منڈیوں کا گیٹ وے بن سکتا ہے، سفیرڈاکٹر عمر حسین اوبا

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پاکستانی کاروباری برادری کو ایتھوپیا میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پاکستانی کاروباری برادری کو ایتھوپیا میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایتھوپیا افریقی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک اہم تجارتی گیٹ وے ہے جہاں کم لاگت توانائی، صنعتی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مراعات موجود ہیں۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر، نائب صدر چوہدری خادم حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق نائب صدر میاں زاہد جاوید، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سید عظمت علی، علی رضا، عدیل بابر خان، ساحر مشتاق، محمد عمر عبداللہ، شہزاد محمود، طارق محمود، ذوالفقار علی چوہدری، نائلہ ندیم، سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر احسن شاہد اور دیگر بھی موجود تھے۔ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ 130 ملین سے زائد آبادی کا حامل ایتھوپیا پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، مینوفیکچرنگ اور دیگر صنعتی شعبوں میں وسیع مواقع رکھتا ہے۔

انہوں نے پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو درپیش ریگولیٹری مسائل حل کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا کا سفارتخانہ اسلام آباد 24 سے 29 جنوری 2027 تک پاکستانی کاروباری وفد کے دورہ ایتھوپیا کا اہتمام کرے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ایتھوپیا کو برآمدات تقریباً 5.1 ملین ڈالر جبکہ ایتھوپیا کی پاکستان کو برآمدات 14.5 ملین ڈالر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاول، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات، غذائی مصنوعات، اسٹیل، ماربل اور زرعی مشینری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ لاہور چیمبر اور ایتھوپیا کے متعلقہ چیمبر آف کامرس کے درمیان فوری روابط قائم کرکے ورچوئل کاروباری ملاقاتوں کا آغاز کیا جائے تاکہ مشترکہ منصوبوں، تجارتی وفود کے تبادلوں اور نئی کاروباری شراکت داریوں کو فروغ دیا جا سکے۔ نائب صدر چوہدری خادم حسین نے کہا کہ لاہور چیمبر کے 50,000 سے زائد کاروباری ممبران ہیں اور لاہور میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ایتھوپیا کے ساتھ تعاون کو دونوں ممالک کے لیے نئے تجارتی اور سرمایہ کاری مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔

 

مزید خبریں