پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے ضلع سانگھڑ کے 11 اسکولوں کو ہاکی کا مکمل سامان فراہم کرنے کی پروقار تقریب ڈسٹرکٹ کونسل ہال سانگھڑ میں منعقد ہوئی
پی ایچ ایف کیجانب سے سانگھڑ کے 11 اسکولوں کو ہاکی کا مکمل سامان فراہم کرنے کی تقریب

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 04 نومبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے ضلع سانگھڑ کے 11 اسکولوں کو ہاکی کا مکمل سامان فراہم کرنے کی پروقار تقریب ڈسٹرکٹ کونسل ہال سانگھڑ میں منعقد ہوئی۔
بدھ کو منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری آئی پی سی معین الدین سومرو، ڈائریکٹر اسکولز اینڈ کالجز پرائیویٹ شہناز لاکھو، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر شہباز خان عباسی، ہاکی ڈویژنل سیکریٹری سید حسن عسکری قادری، حاکم علی چانڈیو، پائنٹ کالج کے پرنسپل اعجاز علی شاہ، شاہجہان مری سمیت مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں کی سطح سے ہی نوجوانوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں۔ اسکولوں کو ہاکی کا سامان فراہم کرنے کا مقصد طلبہ میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنا، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ مقبول بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر 11 اسکولوں کے نمائندوں میں ہاکی کا کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو ضلع سانگھڑ میں ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔







