اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کوبھی نئے ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ جاری رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 3370.29 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 114180.50 پوائنٹس پر بند ہوا جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔سٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں تیسری مرتبہ کسی ایک دن میں انڈیکس میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حجم بھی بڑھ کر52.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکاہے۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر 463 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا،298 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،132 کی قیمتوں میں کمی اور 33 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، کا روباری سرگرمیوں کے دوران مجموعی طور پر 1469.55 ملین حصص کا لین دین ہوا جن کی مالیت 67.27 ارب روپے تھی۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 1272.10 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 35701.34 پوائنٹس اور اسلامی مالیات کا حامل کے ایم آئی 30 انڈیکس 5690.24 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 178069.87 پوائنٹس پر بند ہوا۔ فیوچر ٹریڈنگ کے تحت 14.57 ارب روپے کے سودے طے پائے۔گزشتہ روز ورلڈ کال ٹیلی کا م کے 232925553 حصص،سینرجیکو پی کے لمیٹڈ کے 80186381 حصص اور پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کے 70681266 حصص کا لین دین ہوا۔پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل،غنی گلاس اور ٹریٹ پاکستان سرفہرست ایڈوانسر کمپنیاں رہیں۔