پاکستان سٹیٹ آئل کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 11 ماہ کے دوران 28 فیصد کمی

پیٹرولیم مصنوعات

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):پاکستان سٹیٹ آئل کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ او سی اے سی اور انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے مئی تک کی مدت میں پی ایس او کے 7.66 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پی ایس او کے 10.54 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ مئی 2023 میں پی ایس او کے 0.60 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو اپریل کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے ۔

اپریل میں پی ایس او کے 0.58 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ مئی میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 51 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ سال مئی میں پی ایس او کے 1.22 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو رواں سال مئی میں کم ہو کر 0.60 ملین ٹن ہو گئی۔