راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز کی ٹیم سری لنکا اے کے خلاف چار روزہ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 143 رنز کی برتری کے ساتھ 258 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، علی زریاب، حسین طلعت اور روحیل نذیر نے نصف سنچریاں اسکور کیں ، وشوا فرنینڈو نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، سری لنکا اے نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 77 رنز بنا لیے ، وکرما سنگھے 48 اور دھن جایا 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان شاہینز کو اب بھی 66 رنز کی سبقت حاصل ہے،
منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری چار روزہ میچ کے دوسرے روز پاکستان شاہینز اپنی پہلی اننگز میں 258 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، میزبان ٹیم نے پہلی نامکمل اننگز 66 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو علی زریاب 18 اور محمد سلیمان 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ، محمد سلیمان تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بنا کر وشوا فرنینڈو کا شکار بن گئے ، اگلی ہی گیند پر وشوا فرنینڈو نے حیدر علی کو صفر پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی ، پاکستان شاہینز کو پانچواں نقصان 132 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب علی زریاب 55 رنز بنا کر وجے سندرا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے،
حسین طلعت اور روحیل نذیر نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز کا اضافہ کیا، یہ شراکت نسالا تھراکا نے حسین طلعت کو آؤٹ کر کے ختم کی جنہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے، روحیل نذیر 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر وجے سندرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، سری لنکا اے کے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر وشوا فرنینڈو نے 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، وجے سندرا اور نسالا تھراکا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سری لنکا اے نے دوسری اننگز شروع کی تو اسے پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب اوشادا فرنینڈو بغیر کوئی رن بنائے خرم شہزاد کی گیند پر روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،
اس کے بعد نپون دھنن جایا اور اہان وکرما سنگھے نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 77 تک پہنچا دیا ، وکرما سنگھے 48 اور دھنن جایا 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، واضح رہے کہ پاکستان شاہینز کو اب بھی 66 رنز کی سبقت حاصل ہے۔