پاکستان علما کونسل نے بین المذاہب مکالمے اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے عالمی کوششوں کو تیز کرنے کا عہد کیا ہے ، حافظ محمدطاہر محمود اشرفی

59
مدارس کی رجسٹریشن پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ،تمام مدارس باقاعدگی سے اپنا آڈٹ کرواتے ہیں،حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علما کونسل نے بین المذاہب مکالمے اور ہم آہنگی کے لئے اپنی عالمی کوششوں کو تیز کرنے کا عہد کیا ہے ، رمضان کے مقدس مہینے کے بعد اسلام آباد میں پیغام پاکستان کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے بین الاقوامی دن کے سلسلے میں بین الاقوامی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلاموفوبیا دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے سنگین خطرہ ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے اقدامات میں تیزی لائیں ۔ انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ محبت، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دیتے ہوئے ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا مذہب ہے ،اسلام ہمیں اللہ تعالی اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے غیر مسلموں کو اسلام کے خلاف اکسانے کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ اسلامی تعلیمات کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور نفرت ہے ۔ انہوں نے اسلامو فوبیا کو جرم تسلیم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جانب سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کا عالمی دن قرار دیئے جانے پر روشنی ڈالی جو پاکستان، سعودی عرب، اسلامی تعاون کی تنظیم اور دیگر اداروں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے حاصل کیا گیا ایک سنگ میل ہے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے عالمی مسلم مخالف جذبات کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امتیازی سلوک کو عالمی امن کے لئے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے جہاد اور دہشت گردی کے درمیان فرق کومکالمے کے ذریعے واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر نائن الیون حملوں کے بعد، جس نے مغربی دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں وسیع پیمانے پر غلط فہمیوں کو ہوا دی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علما کونسل نے بین المذاہب مکالمے اور ہم آہنگی کے لئے اپنی عالمی کوششوں کو تیز کرنے کا عہد کیا ہے ، رمضان کے مقدس مہینے کے بعد اسلام آباد میں پیغام پاکستان کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں تمام مذاہب کے رہنما شرکت کریں گے جس کے لئے امام کعبہ، فلسطین کے عظیم امام شیخ الازہر، پوپ فرانسس، بشپ آف کینٹربری اور دیگر کو مدعو کیا جائے گا۔