پاکستان علما ءکونسل نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مسلم اُمہ کے اتحاد، سلامتی اور مستقبل کے لئے تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے
پاکستان علما کونسل کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پاکستان علما ءکونسل نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مسلم اُمہ کے اتحاد، سلامتی اور مستقبل کے لئے تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔ جمعہ کو پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مکہ مکرمہ سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کی قیادت کی مسلسل سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں نے خطے میں وسیع تر تصادم کو روکنے اور مسلم اُمہ کے اتحاد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جمعہ کے مبارک دن مسلمانوں کو ایک عظیم خوشخبری عطا کی ہے ،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا دفاعی معاہدہ صرف تین ممالک کے درمیان تعاون کا معاہدہ نہیں بلکہ مسلم اُمہ کے مستقبل سے متعلق ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس پیش رفت پر پاکستانی قوم، مسلم اُمہ، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،یہ معاہدہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، تعاون اور مشترکہ دفاع کے نئے دور کا آغاز ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے خطے میں امن کے قیام اور مسلم ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مسلسل کوششیں کیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور بعد ازاں ترکیہ کی قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مسلم ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی رائے میں اس پیش رفت سے فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے لئے امید کی نئی راہیں کھلیں گی اور مسلم دنیا میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے یہ بھی اظہارِ امید کیا کہ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ مسلم دنیا کو انتہاپسندی، دہشت گردی اور مختلف مسلح گروہوں کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کا مقابلہ باہمی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان تعاون ہی خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی ضمانت بن سکتا ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے ارضِ حرمین شریفین کی سلامتی اور استحکام کو مسلم اُمہ کے لیے بنیادی اہمیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اپنے مشترکہ مفادات اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں مزید اسلامی ممالک بھی اس تعاون کا حصہ بن سکتے ہیں جس سے مسلم دنیا کے درمیان یکجہتی مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلم اُمہ کے اتحاد کو مزید مستحکم فرمائے اور عالمِ اسلام کو امن، استحکام اور عزت و وقار سے نوازے۔









