پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کاسویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر سخت اظہار تشویش

157

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم اوردنیا کے دیگر تمام اہم عالمی اداروں کو اس پر آواز بلند کرنی چاہئے، سویڈن کی حکومت کو اس عمل کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہئے۔ ہفتہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ سویڈن میں ترکی کے سفارتخانے کے سامنے قرآن پاک کو جلایا گیا ہے اور اس مکروہ اور انتہائی نامناسب ناقابل قبول حرکت کو وہاں کے حکام نے روکا نہیں ہے۔

اس واقعہ کے بعد حکومت پاکستان ، حکومت سعودی عرب ، کویت اور دیگر اسلامی ممالک نے اس پرسخت احتجاج کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم اوردنیا کے دیگر تمام اہم عالمی اداروں کو اس پر اپنی آواز بلند کرنی چاہئے، سویڈن کی حکومت کو اس عمل کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہئے، ان مجرموں کو گرفتار کرنا چاہئے اور ان کے خلاف قانون کو حرکت میں لانا چاہئے، یہ کوئی آزادی اظہار نہیں ہے نہ یہ آزادی اظہار میں آتا ہے کہ آپ مسلمانوں کے یا کسی بھی مذہب کے مقدسات ہیں توان کی توہین کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام تمام انبیا اور رسولوں اور آسمانی کتابوں کے احترام کا درس دیتا ہے اور ہم دوسرے مذاہب کے ماننے والوں سے بھی اسی احترام کی توقع کرتے ہیں۔