پاکستان فرنیچر کونسل نے مینوفیکچررز، ایکسپورٹرز اور امپورٹرز سے بجٹ تجاویز طلب کر لیں، میاں کاشف اشفاق

Mian Kashif Ashfaq
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔27مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل نے فرنیچر مینوفیکچررز، ایکسپورٹرز اور امپورٹرز سے آئندہ مالی سال 2024-25 کے لیے بجٹ تجاویز طلب کر لیں۔

بدھ کو یہاں محمد اریب کی قیادت میں فرنیچر مینوفیکچررز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ بجٹ تجاویز طلب کرنے کا فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ پی ایف سی اور حکومت اس صنعت کے ساتھ وابستہ رہنمائوں کے نقطہ نظر کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرنے کے خواہاں ہیں۔

یہ امر اقتصادی ترقی کے فروغ اور فرنیچر کی صنعت کے ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون اور شراکت داری کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اس بات کی خواہاں ہے کہ فرنیچر کی صنعت کے اہم اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں درپیش مسائل کے حل، اس شعبے کی ترقی اور مجموعی مسابقت کو بڑھانے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر مینوفیکچررز، ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کی تجاویز وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی تاکہ آئندہ سالانہ بجٹ کی تیاری میں انہیں زیر غور لایا جا سکے۔