پاکستان فرنیچر کونسل نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خواتین کے لیے مفت جدید سلائی ٹریننگ سینٹر قائم کر دیا،میاں کاشف اشفاق

164
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔31جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل نے چن ون کے تعاون سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خواتین کے لیے مفت جدید سلائی ٹریننگ سینٹر قائم کیا ہے جو دیہی خواتین کو ان کی دہلیز پر روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرے گا اس اقدام کا مقصد اس شعبے میں ہنر مند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرناہے۔

بدھ کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ایف سی کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو کام سیکھنے کیلئے بہترین ماحول اور ماہانہ 15000 روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواہشمند خواتین واٹس ایپ نمبر 0306 9622328 پر اپنی رجسٹریشن کروا سکتی ہیں اور اہل امیدواروں کو جوابی میسج سے آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب امیدواروں کو ہفتہ وار چھٹی اور دیگر سہولیات حاصل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب امیدواروں کو اچھی شرائط پر چن ون فیبرک سیکشن میں ملازمت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دیہی خواتین کو سلائی کی اعلیٰ مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ مرکزی دھارے میں شامل ہو کر قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ مرکز سلائی اور ٹیلرنگ کے مختلف پہلو ئوں کی جامع تربیت فراہم کرے گا جہاں بہت اچھے ماحول میں خواتین یہ فن سیکھ سکتی ہیں اور اپنی مہارتوں کو نکھار سکتی ہیں۔ ان مہارتوں کے فروغ کا مقصد نہ صرف خواتین میں معاشی خود کفالت کو فروغ دینا بلکہ ان کے اعتماد اور سماجی حیثیت میں بھی بہتری لانا ہے۔ یہ منصوبہ دیہی سماج میں صنفی مساوات اور کمزور طبقات کی بہتری کے عزم کا عکاس ہے اور اس کا مقصد خواتین کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ ملک کی اقتصادی ترقی میں فعال شراکت دار بن سکیں اور قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔