پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چین میں 23 اپریل سے شروع ہونے والے 5 روزہ کینٹن فیئر میں شرکت کرے گا، میاں کاشف اشفاق

122
Mian Kashif Ashfaq

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چین میں 23 اپریل سے شروع ہونے والے 135 ویں 5 روزہ کینٹن فیئر میں شرکت کرے گا۔ اتوار کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ دورے کا مقصد برآمدی منڈیوں کی تلاش اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

یہ اقدام عالمی فرنیچر کی صنعت میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد بڑے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کاروباری میٹنگز اور عالمی فرنیچر مارکیٹ میں ابھرتے ہوئے رجحانات و صارفین کی ترجیحات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینٹن فیئر جیسی نمائشوں میں فعال شرکت کا مقصد فرنیچر کے بین الاقوامی تجارتی میدان میں پاکستان کی موجودگی کو بہتر بنانا اور اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کا یہ اقدام برآمدات کو بڑھانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور فرنیچر کے شعبے میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے پاکستان کے وسیع تر اقتصادی مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے شہر گوانگ ژو میں منعقد ہونے والے کینٹن فیئر میں دنیا بھر سے مختلف صنعتوں سے ہزاروں نمائش کنندگان اور خریدار شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے باوقار ایونٹ میں شرکت پی ایف سی کو بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پاکستان کی دستکاری، اختراعات اور فرنیچر کی مصنوعات کی متنوع رینج کی نمائش کا انمول موقع فراہم کرتی ہے۔