پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جائز جدوجہد کی پر عزم طریقے سے حمایت جاری رکھے گا،وزیر اعظم شہبازشریف کا فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر پیغام

205
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جائز جدوجہد کی پر عزم طریقے سے حمایت جاری رکھے گا،عالمی برادری فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری طور پر روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرے،غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔

جمعے کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر میں مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 7اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے ضمن میں یہ سال فلسطین کی تاریخ کا انتہائی تاریک سال رہا ہے، تاریخ کے گھنائونے ترین مظالم ڈھاتے ہوئے اسرائیل اب تک 43000 معصوم فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں کا قتل عام کر چکا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی جانب سے حملوں، منظم نسل کشی اور تشدد کی مہم کو بہادری سے برداشت کر رہے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے غزہ میں عالمی برادری کی جانب سے انسانی امداد کی کوششیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس سے محصور آبادی کے مصائب میں شدت آئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں، ہسپتالوں، سکولوں اور انفراسٹرکچر پر حملوں کو روکا جائے، فلسطینیوں کے لئے بھیجے جانے والے امدادی قافلوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، ان سنگین جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی بے رحم خلاف ورزیوں کے لئے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کے حوالے سے جو استثنیٰ دیا جا رہا ہے اسی بنیاد پر اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں مزید تباہی پھیلائی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے لیے بلا روک ٹوک انسانی امداد کو یقینی بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین ( یو این آر ڈبلیو اے) کو فلسطینی پناہ گزینوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پوری کرنے کے لیے فنڈنگ اور تحفظ کے حوالے سے عالمی برادری کی جانب سے سہولیات فراہم کی جانی چا ہئیں، ہم اسرائیل کی انروا کے اہم کام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی پرعزم طریقے سے حمایت جاری رکھیں گے جس کا اظہار عالمی عدالت انصاف ( آئی سی جے)نے بھی اپنی حالیہ مشاورتی رائے میں بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل چاہتا ہے جس میں ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے جو 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ہوگی اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہوں، ہم امن، وقار اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے آپ کی جد و جہد میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔