پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اتصالات کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے بڑے اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے اورپاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔وزیرخزانہ نے یہ بات اتصالات انٹرنیشنل کے وفد سے منگل کویہاں ملاقات میں کہی، وفد کی قیادت اتصالات انٹرنیشنل کے سی ای او میخائل گرچوک کررہے تھے، وفد میں اتصالات پاکستان کے سی ای اوعبدالرحیم عبداللہ عبدالرحیم النوریانی، پی ٹی سی ایل اوریوفون کے صدر وسی ای او حاتم بمطرب اور اتصالات کے چیف سٹریٹجی کمال شاہدی شامل تھے۔

اس موقع پر وزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمودپاشا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، اوروزارت خزانہ ونجکاری کمیشن کے سینئر افسران بھی موجودتھے۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے بڑے اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے اورپاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورے کے دوران ابوظہبی اور دبئی میں اتصالات کے حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیا اور اتصالات اور نجکاری کمیشن کے درمیان بقایا مسائل کو حل کرنے اور باہمی طور پر فائدہ مند حل کے لیے آگے بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری خاص طور پر آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کے بارے میں بھی بتایا اورکہاکہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے سازگار ماحول اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

اتصالات کے سی ای او نے کمپنی کے پروفائل اور پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری کے بارے میں بریفنگ دی اور پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔ملاقات میں خیر سگالی کے جذبے سے اتصالات اور نجکاری کمیشن کے درمیان تمام بقایا مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔