پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں بلاامتیاز فلاحی و ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) سابق وزیراعظم و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں بلاامتیاز فلاحی و ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور اپنی اسی کارکردگی کی بنیاد پر ہم عوام کے سامنے جا رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اس کی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر ووٹ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی قیادت کے فیصلے پر این اے 53 سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور این اے 53 کا عوامی فیصلہ 25 جولائی کو سب کے سامنے ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں صرف آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت جیتے ہم صرف صاف، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات چاہتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے فنڈ کے قیام پر چیف جسٹس کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی گزشتہ حکومت کے دوران مہمند اور بھاشا ڈیم کے حوالے سے درپیش مسائل حل کیے۔