اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب میں آمدہ ضمنی انتخابات میں 15سے 16سیٹیں جیتے گی، مہنگائی کا ریکارڈ دو تین مہینوں میں نہیں بلکہ پچھلے چار سال میں ٹوٹا ہے،جو توشہ خانہ پر ہاتھ صاف کرے اس سے ملکی خزانہ کیسے محفوظ رہ سکتا ہے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابقہ حکومت کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ملک اس وقت مشکلات سے دوچار ہے، پی ٹی آئی رہنمائوں کی لوٹ مار عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے،
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک کو درپیش تمام بحرانوں سے نکالنے کیلئے پر اعتماد ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ فرح گوگی کے نام اربوں روپے کی پراپرٹی نکلی ہے، عمران خان دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے فرح بی بی کی لوٹ مار کاجواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانا چاہتے تھے لیکن انہیں بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے،22جولائی کووزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابات میں حمزہ شہباز ایک بار پھر سرخرو ہوں گے۔
صحافی ایاز امیر پر حملے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ایاز امیر نے ایک تقریب کے دوران عمران خان سے متعلق ملک پراپرٹی ڈیلرز کے حوالے کرنے کی بات کی تھی، ان پر حملے کے تانے بانے اسی سے ملتے جلتے ہیں۔پی ٹی آئی بینرز اتارنے کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی نے فیس جمع کراکر بینر لگائے تھے؟۔