اسلام آباد ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی کونسل نے وزیراعظم نوازشریف کو بلا مقابلہ پارٹی کا صدر منتخب کر لیا ہے۔ منگل کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پارٹی الیکشن کا انعقاد ہوا جس میں ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے 1950 مرکزی کونسل کے ارکان نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا۔ چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ (ن) چوہدری جعفر اقبال نے منتخب ہونے والے پارٹی عہدیداروں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محمد نوازشریف کے بطور صدر انتخاب کیلئے پارٹی کی جانب سے 12 کاغذات جمع کرائے گئے جو جانچ پڑتال کے دوران درست تسلیم کئے گئے تاہم وزیراعظم محمد نوازشریف کے مقابلے میں ایک شخص نے کاغذات جمع کروائے جو پارٹی آئین کی شق نمبر 120 کے تحت اس لئے مسترد کر دیئے گئے کیونکہ وہ اس کونسل کے رکن ہی نہیں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح دیگر مرکزی عہدیداروں کے کاغذات بھی منظور ہوئے تاہم ان کے مقابلے میں کسی نے کاغذات نہیں جمع کرائے اس بناءپر انہیں بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب صدر محمد نوازشریف پارٹی آئین کے تحت منتخب ہونے کے بعد پارٹی سیکرٹری جنرل اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے عہدوں پر نامزد ارکان کا اعلان بعد میں کرینگے۔ راجہ محمد ظفر الحق پارٹی کے چیئرمین، سینیٹر مشاہد اللہ خان سیکرٹری اطلاعات اور سینیٹر پرویز رشید سیکرٹری مالیات کے عہدے پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے نائب صدور میں صوبہ خیبر پختونخوا سے سرتاج عزیز اور سرانجام خان، بلوچستان سے چنگیز مری اور سردار یعقوب خان ناصر، صوبہ سندھ سے امداد چانڈیو اور آزاد کشمیر سے سردار سکندر حیات کے نام شامل ہیں۔