اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، بھارتی حکومت کشمیریوں کو کسی صورت جبر سے دبا نہیں سکتی، آزاد کشمیر کے انتخابات پہلی بار فوج کی نگرانی میں کرائے گئے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کسی بھی صورت میں جبر کی بنیاد پر کشمیریوں کو دبا نہیں سکتی، کشمیری عوام گذشتہ 60 سالوں سے آزادی کیلئے جانوں کا نذرانہ دے رہی ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ کشمیریوں نے جانوں کا نذرانہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم سمجھیں یا نہ سمجھیں آزادی کو طاقت کے بل بوتے پر نہیں روکا جا سکتا، وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر کے عوام بھارتی مظالم سے آزاد ہو جائیں گے۔