پاکستان مصر کے ساتھ عسکری سطح پر دوطرفہ تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا

56
پاک فوج کے سربراہ جنرل کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ ، مقامی طور پر دفاعی آلات کی تیاری کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔15جون (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے منگل کو مصر کے صدر جنرل عبدل فتاح السیسی(ریٹائرڈ ) سے ملاقات کی اور اس عزم کا اظہار کیاکہ پاکستان مصر کے ساتھ عسکری سطح پر دوطرفہ تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے ۔ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا مصر کے سرکاری دورے پر ہیں ۔

ملاقات کے دوران مصری صدر نے پاکستانی مسلح افواج کے لیے اپنے گہرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے پاکستانی مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو سراہا اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ۔ ملاقات میں سیکورٹی صورتحال ، انسداد دہشت گردی اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی عسکری تعاون کے امور زیر بحث آئے ۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اس موقع پر مصری وزیر دفاع اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور تینوں سروسز کے سربراہوں سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے دفاعی اور سلامتی بات چیت کے دوسرے مرحلے کی قیادت بھی کی ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے شدت پسندی کے روک تھام ،علاقائی استحکام ، رابطوں اور خطے پر اس کے اثرات سے متعلق پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا ۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے افغانستان میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور کوششوں سے بھی آگاہ کیا ۔قبل ازیں وزارت دفاع آمد پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو مصری مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔