راولپنڈی۔ 02 دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی مشکلات سے بتدریج نکل رہا ہے اور بیساکھیوں کا دور اب پیچھے رہ گیا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت کے استحکام کے لیے مشکل مگر ضروری فیصلے …
پاکستان معاشی بحالی کی طرف گامزن، بیساکھیوں کا دور ختم ہو چکا ہے، دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 02 دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی مشکلات سے بتدریج نکل رہا ہے اور بیساکھیوں کا دور اب پیچھے رہ گیا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت کے استحکام کے لیے مشکل مگر ضروری فیصلے کیے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جب ذمہ داری سنبھالی تو ملک شدید معاشی بدحالی کا شکار تھا تاہم وزیراعظم شہباز شریف کے وژن اور مضبوط ٹیم کی بدولت پاکستان اب معاشی بحالی کے سفر پر گامزن ہے۔ دانیال چوہدری نے معیشت کی صورتحال کو ’’ٹوٹی ٹانگ‘‘ کی مثال سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹر اور بیساکھیوں کے بعد اب ملک آہستہ آہستہ چلنے کے مرحلے سے نکل کر جلد دوڑنے لگے گا۔
پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ سابق حکومت کے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کے باعث سخت معاشی پالیسیاں جاری رکھنا ناگزیر تھا تاہم موجودہ حکومت نے ان پالیسیوں کو بہتر انداز میں ہم آہنگ کر کے معیشت کو مستحکم بنیاد فراہم کی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ جیسے جیسے معاشی رفتار بڑھے گی، ٹیکس کا دباؤ کم اور کاروباری سرگرمیاں مزید آسان ہوتی جائیں گی۔
انہوں نے وزیر حنیف عباسی کی سربراہی میں پاکستان ریلوے کی بحالی کے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ ادارہ اب مؤثر انداز میں بحال ہو چکا ہے۔ دانیال چوہدری نے راولپنڈی چیمبر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ آخر میں انہوں نے آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت، گروپ لیڈر سہیل الطاف اور دیگر عہدیداران کی جانب سے تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔








