بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف یوم استحصال کل منایا جائے گا

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کے خلاف اندرون وبیرون ملک یوم استحصال کل جمعہ کو بھرپور انداز سے منایا جائے گا، مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمینارز اور کانفرنسز سمیت متعدد پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ کشمیریوں کی حمایت میں ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں ہر طبقہ فکر کے لوگ بھرپور شرکت کریں گے۔

پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دے گی کہ پاکستانی عوام ان کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد اور بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں آباد کشمیری بھی 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر آئینی اقدام کی مذمت کیلئے یوم استحصال منائیں گے۔ پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدام کی مذمت اور بھارتی فوجی محاصرے کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم استحصال منارہا ہے۔

ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان ریلیوں اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیرکے معصوم اور نہتے لوگوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ سول سوسائٹی کی تنظیمیں کشمیری عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینارز اور دیگر پروگرامز کا بھی اہتمام کریں گی۔ یوم استحصال کے موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، ٹریفک کو ایک منٹ کیلئے روک دیا جائے گا اور سائرن بجائے جائیں گے۔

ایک منٹ کی خاموشی کے فوراً بعد ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن سمیت الیکٹرانک میڈیا چینلز پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے بجائے جائیں گے۔ دریں اثناءاسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں کی اہم سڑکوں پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں۔

یوم استحصال کے حوالے سے صدر مملکت، وزیر اعظم، وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان ، صدر آزادکشمیراور وزیرا عظم آزادکشمیر کے پیغامات نشر اور جاری کئے گئے ہیں۔ 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے حوالے سے غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ بھی دی جائے گی۔ اس روز بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے اس پر اپنے غیرقانونی قبضے کو مضبوط کرنے کی کوشش کی جس کے خلاف پورے پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے خصوصی طور پر ملک کے طول و عرض اور بیرون ملک بھارت کی سفاکیت اور غیر قانونی اقدامات کو بے نقاب کیا جائے گا۔ یوم استحصال کے حوالے سے ایک خصوصی ڈاکو مینٹری بھی تیار کی گئی ہے۔ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے اس دن کی مناسبت سے وڈیو ڈاکومینٹری ،تصویری نمائش اور ریلیز کا انعقاد کریں گے۔ پاکستان کوسٹ گارڈ کراچی میں بوٹ ریلی کا اہتمام کرے گا۔

وزارت اطلاعات نے یوم استحصال کے موقع پر پاک چائنا سینٹر میں تصویری نمائش کا اہتمام کیا ہے۔ تمام ٹی وی چینلز5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کی مذمت میں اپنے لوگوز سیاہ کریں گے۔ ریڈیو پاکستان پر بھی اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز چلائے جائیں گے، یوم استحصال کے حوالے سے ایک نغمہ بھی تیار کیا گیا ہے، موبائل کمپنیاں دن کے حوالے سے خصوصی پیغام چلائیں گی۔ اسلام آباد سمیت پاکستان کے تمام شہروں میں اہم مقامات پر خصوصی بینرز لگائے گئے ہیں۔

ہوائی اڈوں، ریلوے سٹیشنز اور تمام میٹرو بس اسٹیشنز کے علاوہ موٹرویز اور تمام ٹال پلازوں پر بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ مظفر آباد سمیت آزادجموں وکشمیر کے تمام شہروں میں بھی ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ پاکستان کے تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں بھی ایک منٹ کی خاموشی اور جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور تحصیلوں میں بھی دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 5 اگست 2019 کو مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کو ختم کردیا تھا۔