پاکستان میرین اکیڈمی میں 61 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد،وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کیڈٹس میں ایوارڈ اور میڈل تقسیم کئے

133

کراچی۔ 04 دسمبر (اے پی پی):پاکستان میرین اکیڈمی میں 61 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، 117 کیڈٹس نے ناٹیکل سائنسزاور میرین انجینئرنگ میں گریجویشن کیا۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔پریڈ میں پاس آؤٹ کیڈٹس کے اہل خانہ کے علاوہ مسلح افواج اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی کلمات میں کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی ستارہ امتیاز ملٹری کموڈوررضوان علی منور نے فارغ التحصیل کیڈٹس کو مبارک باد دی اور دو سالہ پیشہ وارانہ تربیت کے دوران ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ اسی خوشی اور جذبے کے ساتھ اپنی محنت جاری رکھیں اور اپنے مستقبل کے فرائض کی انجام دہی کے لئے صنعت جہازرانی کے جدید رحجانات سے ہم آہنگ رہیں۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے پاسنگ آؤٹ ٹرم میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والوں میں ایوارڈ اور میڈل تقسیم کئے،ان میں کمانڈنٹ میڈل کے حقدار کیڈٹ وصام الحق ، پی این ایس سی ڈیگرکے حقدارکیڈٹ علی زمان قرار دیے گئے ، کیڈٹ محمدطلحہ خان نے چیف آف نیول سٹاف سلور میڈل، کیڈٹ بلال احمدنے منسٹر آف میری ٹائم افیئرز گولڈ میڈل حاصل کیاجبکہ کیڈٹ احتشام علی نے صدارتی گولڈ میڈل حاصل کیا۔

جی آر جی اول انعام برائے بہترین کیڈٹ مبلغ ایک لاکھ روپیہ کے حقدار انجینئرنگ کیڈٹ بلال احمد قرار دیئے گئے، دوسرا بہترین کیڈٹ مبلغ پچاس ہزار کے حقدار ناٹیکل شعبہ کے کیڈٹ محمدجبران قرار پائےجبکہ ایس ایس ایم اے اریبین کےسوم انعام مبلغ پچیس پچیس ہزار کیڈٹ طلحہ نور اور کیڈٹ انعام نعمان ساہی نے وصول کئے ، دوئم انعام مبلغ پچاس پچاس ہزار کیڈٹ محمدجبران اور کیڈٹ بلال احمد نے وصول کئے جبکہ اول انعام مبلغ پچھتر پچھترہزار کیڈٹ محمدطلحہ خان اور کیڈٹ احتشام علی نے وصول کئے۔

مہمان خصوصی وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اپنی تقریر میں پاکستان میرین اکیڈمی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے اکیڈمی کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ناٹیکل اور میرین انجینیرنگ کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جہاز رانی کی لازمی تربیت ، سرٹیفیکیٹ کورسز اور پوسٹ سی سپیشلائزڈ کورسز کا بھی انعقاد کرتی ہے۔

انہوں نے میرین اکیڈمی کے مثبت کردار کو سراہا جو وہ ملک کی صنعت جہازرانی میں سرانجام دے رہی ہے۔ مہمان خصوصی نے ناٹیکل اور انجینیرنگ کے شعبوں میں ادارے کو میری ٹائم یونیورسٹی آف پاکستان میں اپ گریٹ کرنے کے لئے پی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل قریب میں پی ایم اے کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ ممتاز "میری ٹائم ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ ادارہ ” دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے شاندار دورہ پاکستان میرین اکیڈمی، کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی اور عملے کی انتھک کاوش کو سراہا۔

مہمان خصوصی نے پاکستان میرین اکیڈمی کے عملے کو ایک اضافی تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان بھی کیا۔ قیصر احمد شیخ نے اپنی جانب سے اس سال سے باقاعدہ طور پر پاکستان میرین اکیڈمی کے ایک مستحق کیڈٹ کے لئے مکمل تعلیمی اخراجات کا وظیفہ دینے کا بھی اعلان کیا۔

وفاقی وزیر نے فارغ التحصیل کیڈٹس کو میری ٹائم پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کیڈٹس کو یاد دہانی کرائی کہ وہ بیرون ملک شعبہ جہازرانی میں پاکستان کے سفیر ہوں گے، انہوں نے کیڈٹس کو بہترین معیار برقرار رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔ ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان جہاز رانی کی صنعت کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی زندہ مثال میرین اکیڈمی ہے۔

مہمان خصوصی نے کموڈور رضوان علی منور ستارہ امتیاز (ملٹری) ، اساتذہ اور اکیڈمی کے عملے کو ان کی انتھک محنت و لگن پر خراج تحسین پیش کیا۔ کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی،مارچ پاسٹ کیا اور مہمانوں نے کیڈٹس کی شاندار پریڈ کو سراہا۔جب قومی جھنڈا سلامی کے چبوترے سے گزرا تو مہمانوں نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر استقبال کیا اور پریڈ کو سراہا۔