اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی میں اقلیتی کنونشن کے شرکاءنے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اپنے مادر وطن کے خلاف ہر اندرونی و بیرونی سازش کو ناکام بنا کر دم لیں گے، مسیحی برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کرتارپور راہداری کھولنا پاکستان کا بڑا اقدام ہے، ہمارے ہمسایہ ملک میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل نہیں ہیں، ملک میں تقسیم کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جمعرات کو دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہونے والے اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی اریش کمار نے کہا کہ اقلیتی برادری مختلف شعبوں میں اہم خدمات سر انجام دے رہی ہے، کرتارپور راہداری کی پوری دنیا تعریف کر رہی ہے۔
کلارا پاشا نے کہا کہ پاکستان ہم سب کی ماں ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اقلیتوں نے ملکی ترقی کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، اپنے مادر وطن کے خلاف ہر اندرونی و بیرونی سازش کو ناکام بنا کر دم لیں گے، مسیحی برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
رکن قومی اسمبلی کھیل داس نے کہا کہ ملک میں اقلیت دوست حکومت ہے، پارلیمنٹ مسائل کے حل کا بہترین فورم ہے، تمام اقلیتیں ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی قیادت اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے، پارلیمانی فورم پر اقلیتوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے، ہمارے ہمسایہ ملک میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل نہیں ہیں۔
رکن قومی اسمبلی رمیش کمار وینکوانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا، انتخابات میں ہمیں سلیکشن کی بجائے الیکشن کا حق دیا جائے، اقلیتی برادری ملک کی ترقی کے لئے ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔
زاہد ملک نے کہا کہ جب تک ملک میں جمہوریت پسند موجود ہیں ملک پر آنچ نہیں آئے گی۔ شارون مسیح نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی تقریر میں اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے کی بات کی، اقلیتوں نے ملک بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور ملک بچانے کے لئے بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنا پاکستان کا بڑا اقدام ہے، اس کو 24 گھنٹے کھولا جائے، ملک میں تقسیم کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، جبری شادیوں کی روک تھام کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔
سندھ سے تعلق رکھنے والے لعل چند نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک اور یہاں کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے، پاکستان میں سب اقلیتوں کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہیں، مودی تو اقلیتوں کو مبارکباد بھی نہیں دیتا، ہم اس دھرتی کے وارث اور محافظ ہیں۔
رمیش لال نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے لئے بھرپور جدوجہد کی۔ عامر نوید جیوا نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اقلیتوں کے دن کو پارلیمنٹ میں منایا جا رہا ہے، اس کا سہرہ موجودہ اتحادی حکومت کے سر ہے، اقلیتوں نے تن من دھن سے ملک کی خدمت کی ہے۔
ڈاکٹر درشن خان نے کہا کہ سرکاری اداروں میں ملازمتوں میں اقلیتوں کے کوٹہ پر عمل کیا جائے۔ سابق رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر، عمران اٹھوال، پاسٹر ناصر خان، انجینئر صابر حسین قائمخانی، طارق مسیح گل، ایم پی اے رنجیت سنگھ، نیلسن عظیم، عاشر شہزاد، جبیر سنگھ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔