طلباء کے کیریئر کو بچانے کے لیے ایچ ای سی کی شرائط کو پورا کرتے ہوئے ایکریڈیٹیشن کا مسئلہ حل کریں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہنر کدہ کالج آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کو ہدایت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہنر کدہ کالج آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ طلباء کے کیریئر کو بچانے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی شرائط کو پورا کرتے ہوئے ایکریڈیٹیشن کا مسئلہ حل کرے۔

صدر نے یہ ہدایات عمران منہاس کی جانب سے وفاقی محتسب کے حکم کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو نمٹاتے ہوئے جاری کیں جس میں وفاقی محتسب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ہنرکدہ کالج آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے خلاف کارروائی کرنے میں غفلت برتنے کا مرتکب پایا تھا۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ہدایت کی کہ کالج انتظامیہ کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے تاکہ دیگر طلباء غیر منظور شدہ کالجوں کا شکار نہ بنیں، صدر مملکت نے کہا کہ ہنر کدہ کالج طالب علم کا مکمل ریکارڈ پیش کرے اور اسے یونیورسٹی کے متعلقہ لیگل فورمز کے سامنے غور کیلئے رکھا جائے۔

تفصیلات کے مطابق شکایت کنندہ کے بیٹے نے ہنر کدہ کالج، اسلام آباد میں فائن آرٹس کے چار سالہ ڈگری پروگرام میں داخلہ لیا تھا، کالج بلوچستان یونیورسٹی سے منسلک تھا اور اسے ایک معروف آرٹسٹ چلا رہا تھا۔ پروگرام مکمل ہونے کے بعد کالج سے ڈگری فراہم کرنے کی درخواست کی گئی لیکن ڈگری نہ دی گئی۔

یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری اس لیے نہیں دی گئی کہ طالبِ علم بلوچستان یونیورسٹی میں رجسٹرڈ نہیں تھا۔ متاثرہ طالبِ علم کے والد نے ناانصافی پر وفاقی محتسب سے رابطہ کیا تھا ۔ بعد ازاں شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب کے حکم کے خلاف صدر پاکستان کو درخواست دائر کی۔

صدر مملکت نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اس بدانتظامی سے براہ راست متاثر ہونے والے طلباء کے مستقبل کو بچانے کے لیے اس مسئلے کو حل کرے ۔